حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت پر امت مسلمہ، بالخصوص ایران کے عوام، علما اور حوزہ علمیہ سے وابستہ افراد کو تعزیت پیش کی اور مبلغین کو اپنی تبلیغی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
انہوں نے اپنی پہلی ہدایت میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کی روشنی میں مسلمان خواتین کے حقیقی مقام اور کردار کو واضح کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں خواتین کی زندگی کے لیے اسلام کے پیش کردہ تیسرے نمونے کو متعارف کرانا ثقافتی کارکنوں اور مبلغین کی اہم ذمہ داری ہے۔ معاشرے کے مردوں، خواتین اور نوجوانوں کو انفرادی، خاندانی، سماجی اور سیاسی زندگی میں سیرت فاطمی سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
دوسری ہدایت میں انہوں نے عوامی اجتماعات اور ریلیوں میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی شرکت کو جاری رکھنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اور شہید رہبر کے خون کا بدلہ لینے، ملک کی تعمیر نو، سائنسی و معاشی ترقی، سیاسی و فوجی طاقت میں اضافے اور مسلح افواج و محاذ مقاومت کی حمایت کو تبلیغی سرگرمیوں کا حصہ بنایا جائے۔ ان کے مطابق مبلغین، ثقافتی کارکنوں، ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے کارکنوں کو اس مقصد کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
آیت اللہ اعرافی نے تیسری ہدایت میں مبلغین کو عوام اور نوجوانوں کے ساتھ قریبی تعلق قائم کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے سوالات، مشکلات اور ضروریات کو سمجھنا، خاندانی اور سماجی مسائل سے آگاہ رہنا، لوگوں کی رہنمائی کرنا، دینی سوالات کے جواب دینا، ان کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت کرنا علما اور مبلغین کی ذمہ داری ہے۔
چوتھی ہدایت میں انہوں نے ملک کے معاشی اور ثقافتی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تبلیغی سرگرمیوں کے مؤثر نتائج کے لیے حکومتی نظام اور پالیسیوں میں اصلاح ضروری ہے۔ انہوں نے تینوں حکومتی اداروں اور معاشی و ثقافتی شعبوں سے وابستہ اداروں پر زور دیا کہ وہ عوام اور نوجوانوں کے مسائل حل کرنے، ملک کی ترقی اور دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید کوشش کریں اور کسی بھی صورت کمزوری یا بے عملی کا مظاہرہ نہ کریں۔
آخر میں آیت اللہ اعرافی نے اعلان کیا کہ مراجع عظام، حوزہ علمیہ کی اعلیٰ کونسل اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے قم میں سطوح اور خارج کے دروس کے علاوہ تخصصی مراکز میں بدھ یکم جمادی الثانی (۲۰ آبان) سے اتوار پانچ جمادی الثانی (۲۴ آبان) تک پانچ روز کی تعطیل ہوگی، تاکہ طلبہ اور علماء ایام فاطمیہ کے موقع پر تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ دیگر صوبوں اور حوزہ علمیہ کے ابتدائی دروس کی تعطیلات اور تبلیغی پروگراموں کے انتظامات متعلقہ ذمہ داران کے سپرد کیے گئے ہیں۔










آپ کا تبصرہ